ریاست تلنگانہ کے واحد یونانی طبی کالج میں حکیم اجمل خان کی 152 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا.
ویسے تو یونانی ڈے 11 فروری کو منایا جاتا ہے لیکن اس بار حکومت کی جانب سے کسی قسم کے تعاون نہ ملنے کی وجہ سے اس کو مؤخر کردیا گیا۔ تاہم اسوسئیشن نے آگے بڑھ کر حکومت کے تعاون اور اشتراک کے بغیر اس تقریب کا اہتمام کیا۔
حیرت کی بات یہ کہ اس پروگرام میں کسی سرکاری عہدیدار یا حکومت کے نمائندے نے اس میں شرکت نہیں کی۔
تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی کو اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا مگر انھوں نے شرکت نہیں کی۔
اس تقریب میں مجلس اتحادلمسلمین کے رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری نے شرکت کی اور یونانی کو فروغ دینے کیلئے ایم آئی ایم کی نمائندگی کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے تقررات اور دیگر مسائل کے حل کیلئے ان کی جماعت اسمبلی کے اگلے سیشن میں نمائندگی کرےگی۔
طبی کالج کے پروفیسر نے حکومت سے یونانی کالج کو بھی ہومیو اور آیوروید کی طرز پر تمام تر سہولیات مہیا کروانے کی درخواست کی۔ ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر آیوش ڈاکٹر وسنت راؤ نے بتایا کہ حکومت نے طبی کالج میں اساتذہ کے تقررات کو منظوری دیدی ہے لیکن ڈائرکٹر آیوش کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا جانا باقی ہے۔