ملک کے الگ الگ حصوں میں شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت ہو رہی ہے۔
اترپردیش کے مختلف شہروں میں بھی اس کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔
اس دوران آج اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے شہر گورکھپور میں بھی جمعہ کی نماز کے بعد لوگوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کے دوران لوگوں نے مبینہ طور پر پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے لوگوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔
پتھراؤ کے دوران چند پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
ایس ایس پی سنیل کمار گپتا نے کہا کہ 'شہر میں صورتحال قابو میں ہے۔ پولیس پر پتھراؤ کرنے والوں کے ساتھ سختی برتی گئی ہے۔ اس معاملے میں جو بھی لوگ ملوث ہیں، ان سب کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس الرٹ پر ہے۔'