اترپردیش پولیس کے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے غازی آباد سے 50ہزار روپے کے انعامی بدمعاش کو گرفتارکیا ہے۔
ایس ٹی ایف ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ ایس ٹی ایف میرٹھ کی ٹیم نے گوتم بدھ نگر میں مطلوب 50ہزار روپے کے انعامی بدمعاش کرن پال سنگھ کو غازی آباد میں ہاپوڑ چنگی کے نزدیک سے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار بدمعاش کرن پال سنگھ میرٹھ میں گنگا نگر علاقے کے فرینڈس کالونی کا رہنے والا ہے۔ پوچھ گچھ میں کرن پال سنگھ نے بتایا کہ وہ انڈین فورس کی چھ جاٹ ریجمنٹ بریلی سے سال 2009 میں ریٹائرڈ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: سہارنپور: منشیات کے ساتھ تین افراد گرفتار
سکبدوشی کے بعد سال 2013-14 میں دہرادون میں سیکیور لائف انویسٹمنٹ نامی کمپنی میں کام کیا۔ اس کے علاوہ سال 2016-17 میں سنجے بھاٹی باشندہ گرام چتی کے رابطے میں آیا جو ایک انویسٹمنٹ کمپنی کا مالک تھا۔
ملزم نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ ’’سال 2018 میں سنجے بھاٹی نے مجھے کمپنی کا ڈائریکٹر بنا کر سائننگ اتھارٹی دے دی اور ساری ادائیگیاں میرے ذریعہ ہونے لگیں۔ سال 2019 میں جب کافی دولت اکٹھا ہوگئی تو ہم لوگ کمپنی بند کر کے فرار ہو گئے۔ میں بھی روپوش ہوکر ٹھکانے بدلتے پھر رہا تھا۔ آج میں اپنے ذاتی کام سے کسی سے ملنے ہاپوڑ چنگی، غازی آباد آیا تھا کہ پولیس نے گرفتارکرلیا۔‘‘
پولیس معاملے کی مزید چھان بین کر رہی ہے۔