بہار کے ضلع کیمور میں چین پور اسمبلی حلقہ میں مقابلہ کافی دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔ اس اسمبلی حلقہ سے کل 19 امیدوار میدان میں ہیں، جس میں دو پٹھان بھی قسمت آزمائی کے لئے اترے ہیں۔
ایک طرف زماں خان بہوجن سماج پارٹی سے تو دوسری جانب آزاد سماج پارٹی سے ارشد حسین عرف راجو خان ہیں۔ دونوں امیدوار کا تعلق چین پور اسمبلی حلقہ سے ہی ہے اور دونوں سیاست کے ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ عوام میں کافی مقبول ہیں۔
زماں خان مسلسل تین بار سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں اور چند فاصلے سے فتح سے دور رہ جاتے ہیں۔ تینوں بار ہار کا سامنا کرنے کے باوجود چوتھی بار پھر قسمت آزمانے کے لئے میدان میں ہیں۔
ایک جانب ریاست کے وزیر برج کشور کا سیدھا مقابلہ زماں خان سے ہو تا دکھائی دے رہا ہے جو آخری بار تقریباً سات سو ووٹوں سے پیچھے رہ گئے تھے۔
زماں خان کا کہنا ہے کہ علاقے میں ترقی نہ ہونے سے انہیں اس کا فائدہ ہوگا۔ وزیر کانکنی کو انتخابی تشہیر کے دوران بھی لوگوں کی مخالفت اور ان کا غصہ جھیلنا پڑ رہا ہے اور ایسے میں ووٹنگ کے دوران اس کا خمیازہ بھی انہیں بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
تشہیری مہم کے دوران مخلتف علاقوں میں وزیر کو لوگ بینر دکھا رہے ہیں، جس میں 'وکاس نہیں تو ووٹ نہیں' لکھا ہے۔
اس کے علاوہ انتخابی میدان میں قسمت آزمانے والے امیدواروں کو اپنے گھر کے اندر بھی مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے اور گھر کے اندر میں ہو رہی بغاوت سے بھی بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔
بی جے پی کا ووٹ فی الوقت ذات کے نام پر تقسیم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ برہمن طبقہ برج کشور بند کو نہ دیکر آزاد امیدوار نیرج پانڈے کی حمایت میں کھڑا نظر آ رہا ہے لیکن ان سب موجودہ صورت حال کے علاوہ ایسی صورت حال بھی بنتی دکھائی دے رہی کہ کہیں آزاد سماج پارٹی کے امیدوار ارشد حسین خان، زماں خان کا کھیل نہ بگاڑ دیں کیونکہ ارشد حسین خان بھی اپنے علاقے میں کافی مقبول ہیں۔ ارشد حسین خاں کیمور ضلع پریشد کے نائب چیرمین کے علاوہ کانگریس کے سرگرم رہنما رہے ییں اور ان کا پورا خاندان تقریباً پچاس سال سے سیاست میں ہے۔