ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع انوگرہ نرائن میڈیکل کالج ہسپتال میں جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال سے طبی خدمات متاثر ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے ہسپتال کے او پی ڈی میں مریضوں کو علاج کے لیے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
آج کرسمَس کی تعطیل کی وجہ سے او پی ڈی پوری طرح سے بند تھا، جسکی وجہ سے مریضوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گیا اور اطراف کے مریضوں کو ہسپتال میں پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ جونیئر ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں، جس کو لیکر تعطیل کی وجہ سے سینئر ڈاکٹروں کی غیر موجودگی میں جونیئر ڈاکٹر علاج نہیں کریں گے۔
مریض اپنے ڈاکٹر سے فون پر گفتگو کرکے طبی امداد پہنچانے کی بھی گہار لگاتے نظر آئے، حالانکہ ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ہریش ہری نے کہا کہ جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے یہاں طبی خدمات متاثر نہیں ہوئی ہیں، سنیئر ڈاکٹر اپنے اپنے شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، آج سرکاری تعطیل کی وجہ سے او پی ڈی کی خدمات متاثر ہوئی تھی تاہم جو مریض باہر سے آئے تھے دوسرے ڈاکٹر سے دیکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گیا کے اے این ایم سی ایچ میں کل تیس جونیئر ڈاکٹر ہیں جو یہاں میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ہیں. وظیفے کے رقم میں اضافے کو لیکر جونیئر ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں جسکی وجہ سے ریاستی سطح پر ہسپتالوں میں او پی ڈی کی خدمات متاثر ہیں۔