ریاست بہار میں ضلع گیا سمیت مختلف اضلاع کے طلباء سوموار کی دوپہر کو خصوصی ٹرین سے گیا پہنچے جو لاک ڈائون کی وجہ سے راجستھان کے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تھے۔ خصوصی ٹرین کے 20 ڈبوں میں کل 994 طلبا واپس آئے ہیں۔
ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے اترنے کے بعد پلیٹ فارم پر موجود طلبا کی اسکریننگ کی گئی، اسکریننگ اور تفصیلات کے لئے متعدد کاونٹر قائم کیے گئے ہیں۔
اسکریننگ اور دیگر کاغذی مراحل سے گزرنے کے بعد طلباء کو انکے مقام تک بھیجا جائیگا، جہاں انہیں پہلے قرنطینہ سینٹر لے جایا جائیگا۔
گیا ضلع کے طلباء کو سب سے پہلے بودھ گیا کے نگما مانیسٹری لے جایا جائیگا اور پھر وہیں سے انکے گھر کے لئے روانہ کیا جائیگا جبکہ دوسرے اضلاع کے طلباء کو بس کے ذریعے انکے اضلاع بھیجا جا رہا ہے، کل 46 بسیں اسکے لئے لگائی گئی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس ٹرین میں ضلع گیا کے 364،ضلع جہان آباد کے93، ضلع اورنگ آباد کے 241، ضلع نوادہ کے 259 اور ضلع ارول کے 37 طلباء شامل ہیں۔ اس میں زیادہ تر طلباء کوٹہ میں پڑھنے والے ہیں۔
دریں اثناء آنے والے طلباء کا وزیر زراعت ڈاکٹر پریم کمار نے استقبال کیا ہے۔