ضلع گیا میں مگدھ میڈیکل کالج وہسپتال ی اکثر وبیشتر لاپروائی سرخیوں میں ہوتی ہے۔ تازہ معاملہ نوزائیدہ بچے کی چوری کا ہے۔ چو بیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود ابھی تک بچے کا پتہ نہیں چلا ہے۔ بچے کے رشتہ داروں کے درمیان ہسپتال منتظمہ کے تئیں شدید ناراضگی ہے۔
اسی کو لیکر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پی کے اگروال کو ہسپتال پہنچتے ہی بچے کی والدہ سونی کماری کے اہل خانہ نے دفتر میں انہیں یرغمال بنا لیا۔
کنبہ کے افراد نے بتایا کہ بچے کو چوری ہو نے کے 24 گھنٹے سے زیادہ گزر چکے ہیں۔ اب تک ہسپتال انتظامیہ نے کیا کیا ہے؟ کنبے کے اس سوال پر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ صرف اتنا جواب دے سکے کہ سی سی ٹی وی سے تفتیش کی جا رہی ہے، ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انتظامات اور کاروائی کے متعلق پوچھے جانے پر ڈپٹی سپرٹنڈنٹ نے کہاکہ اس کا جواب صرف سپرنٹنڈنٹ ہی دے سکتے ہیں۔
اس دوران کنبہ کے افراد نے الزام لگایا کہ سپرنٹنڈنٹ بچے کے چوری ہونے کے بعد سے ہی ہسپتال سے لاپتہ ہے۔ انہوں نے ابھی تک کوئی فوری کارروائی نہیں کی ہے۔ اس کے بعد بھی یہ توقع کیسے کی جائے کہ اس معاملے میں منصفانہ تحقیقات سپرٹنڈنٹ کرائیں گے۔ حالانکہ کچھ لوگوں کے سمجھانے پر مشتعل افراد شانت ہوئے اور ڈپٹی سپرٹنڈنت کے دفتر سے باہر نکلے۔
واضح ہوکہ مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال کے زچگی وارڈ سے بچے کو ٹیکہ کا انجکشن لگوانے کے نام پر ایک خاتون نے بچے کی چوری کے واقعہ کو انجام دیا ہے۔ ضلع کے گروا تھانہ کے پونول گاؤں کے سریندر چودھری کی بیوی سونی دیوی اپنے نوزائیدہ بچے کے ساتھ زچگی وارڈ کے چارنمبر بیڈ پر سوئی ہوئی تھی۔ تبھی بی سی جی کاٹیکہ لگوانے کے نام پر ایک خاتون جو خود کو ہسپتال کی اسٹاف بتا رہی تھی وہ بچے کو لے کر چلی گئی۔ اس کے بعد بچے کا کچھ پتہ نہیں ہے۔