ضلع گیا تاریخی اور مذہبی اعتبار سے کافی اہم ہے۔ ضلع گیا میں سینکڑوں ولیوں کے مزارات ہیں۔ ہر ولی کی اپنی تاریخ اور کرامات ہیں۔ سبھی کے آستانے پر عقیدت مندوں کا ہجوم ہوتا ہے۔ لوگ اپنی مانگی مرادیں پاتے ہیں۔
انہی تاریخی آستانوں میں ایک آستانہ حضرت انجان شہید رحمۃ اللہ علیہ پولیس لائن کا ہے۔ یہ آستانہ شہر گیا کے پولیس لائن گیوال بیگہ میں موجود ہے اور یہ آستانہ سینکڑوں برس قدیم ہے. بتایا جاتا ہے کہ یہ آستانہ اس وقت سے ہے جب اس جگہ پہ سوائے درندہ جانوروں اور جنگلوں کے علاوہ کچھ نہ تھا. آج یہ جگہ انکی قدم کی برکت سے رونق اور گلزار ہے۔
اس آستانہ کے خادم اور مدرسہ مدینۃ العلوم پولیس لائن کے ناظم اعلیٰ مولانا شبیر اشرفی بتاتے ہیں کہ آستانہ حضرت انجان شہید رحمۃ اللہ علیہ کے مفکر ملت حضرت علامہ مولانا سید اقبال احمد حسنی علیہ الرحمہ نے اپنے مضامین میں لکھا ہے کہ اس آستانے پر ہمیشہ ایک شیر کی آمد ہوتی تھی، جو آستانے پر حاضر ہوتا اور قدم بوسی کرکے چلا جاتا اور کسی کو پریشان بھی نہیں کرتا۔
ہر سال 28 شوال المکرم کو حضرت کا عرس انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوتا ہے تاہم اس مرتبہ کورونا وبا کے پیش نظر عرس کی تقریب محدود کی گئی ہے. مولانا شبیر اشرفی نے بتایا کہ اس سال عوامی سطح پہ حضرت کے عرس کا اعلان نہیں کیا جاسکا ہے مگر تمام زائرین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے ہی فاتحہ وغیرہ کا اہتمام کریں اور بھیڑ نہ لگائیں۔
بعد نماز مغرب حضرت کے آستانہ پر چادر وگل پیش کیے جائیں گے جس میں پولیس اور کمیٹی کی طرف سے پہلی چادر پیش کی جائے گی. انہوں نے بتایا کہ عرس کی تیاری مکمل کرلی گئی ہیں. اس موقع پر ملک وریاست سے کورونا وبا سے نجات کی خصوصی دعا کی جائے گی۔