ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع انوگرہ نارائن کووڈ 19 ہسپتال میں زیر علاج شہر کے اے ڈی ایم سمیت آٹھ متاثرین کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ کلکٹریٹ کے اعلی افسر کورونا انفیکشن سے متاثر تھے جن کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ انہیں اب ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
اے ڈی ایم دس جون سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی پہلی رپورٹ ٹرونیٹ میڈیکل سے مثبت آئی تھی۔ دو دن بعد آر ٹی پی سی آر سے بھی ان کی رپورٹ مثبت ہی آئی۔ ہسپتال سے جن کو چھٹی دی گئی ہے ان میں افسر کے علاوہ بودھ گیا کے چندن کمار، اورنگ آباد کے محمد علی، بودھ گیا کے مکتی نارائن سنگھ ، کملیش کمار ، رہتاس کی لکشمی دیوی ، کیمور کے نرنجن کمار ، جتیندر کمار شامل ہیں۔
واضح ہو کہ ضلع گیا میں اب تک کل 144 افراد کی رپورٹ مثبت آئی تھی، جس میں اب تک 78 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ راحت و سکون کی بات یہ ہے کہ ضلع گیا کے تمام مریض کی حالت بہتر رہی ہے اور جلد ہی ان کی رپورٹ مثبت سے منفی ہو رہی ہے۔