سوچھ بھارت مشن کے تحت مرکزی حکومت کی جانب سے ہر برس سروے کرایا جاتا ہے۔ اسی کے تحت صاف صفائی کے نقطہء نظر سے شہروں کی درجہ بندی ہوتی ہے۔ گیا میونسپل کارپوریشن اس مرتبہ بہتر پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ابھی سے تیاری میں مصروف ہے۔
اس تعلق سے شہر گیا میں 125 عوامی بیت الخلاء تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ان بیت الخلاء کا استعمال مکمل طور پر مفت ہو گا۔ ان بیت الخلاء کی تعمیر رانچی کی ایک کمپنی کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ اب تک 25 بیت الخلاء کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ باقی بیت الخلاء کی تعمیر کا کام جاری ہے، جو جلد مکمل ہوجائیں گے۔ گنجان آبادی اور کچی آبادی والے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ بیت الخلاء تعمیر کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کھلے میں حاجت کے لیے نہیں جانا پڑے گا۔
شہر گیا میں عوامی بیت الخلا 'فائبر سیمنٹ بورڈ' کے ذریعہ تعمیر ہو رہے ہیں جو 25 سال تک خراب نہیں ہوں گے، اس کا مینٹیننس بلدیہ کمپنی کے ذریعہ کرائے گا۔ مینٹیننس کے لیے ہر ماہ سولہ ہزار روپے بلدیہ کمپنی کو ادا کرے گا۔ بیت الخلاء میں پانی کی کمی نہیں ہو، اس کے لیے ایک ہزار لیٹر پانی کی ٹنکی لگائی جائے گی۔ ٹینکر کے ذریعہ تین وقت پانی کی فراہمی ہوگی۔ ٹوائلٹ کی صفائی کے کام مشین کے ذریعے کیا جائے گا۔
میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ساون کمار نے بتایا کہ' اس مرتبہ بیت الخلا کی صاف ستھرائی کے علاوہ اس کے مینٹیننس کا کام بہتر ڈھنگ سے ہوگا، کیونکہ ہربار نگم کمپنی سے ٹوائلٹ خریدا کرتا تھا تاہم اس مرتبہ ٹوائلٹ کی تعمیر پر نگم پیسے خرچ نہیں کررہا ہے بلکہ مینٹیننس کے لیے پیسے کمپنی کو دیگا۔
مزید پڑھیں: آتشزدگی میں ایک درجن مکانات خاکستر
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ کوشش ہے نگم کی بہتر کارکردگی اور مقامی لوگوں کے تعاون سے شہر گیا اول مقام حاصل کرے گا اس کے لئے بیداری مہم چلائی جارہی ہے، شہر میں کئی مقامات پر پوسٹر وبینر کے ذریعے بیداری لائی جا رہی ہے، نگم کی ٹیم مسلسل اپنے وارڈ میں ڈور ٹو ڈور کام میں لگی ہے