ریاست بہار کے گیا ریلوے انتظامیہ، کورونا سے مسافروں کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹرین اور اسٹیشن پر خصوصی انتظامات کیے جانے کا دعویٰ کرتی ہے جبکہ سہولیات کے نام پر کرایہ میں اضافہ بھی کیا گیا تاہم گیا ریلوے اسٹیشن پر موجود مسافروں نے کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے ریلوے کے انتظامات کو ناقص انتظام بتایا ہے۔
خاص طور سے گیا ریلوے اسٹیشن سے کھلنے والی لوکل ٹرینوں میں انتظامات بھی مکمل نہیں ہے، ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ماسک لگانے اور جسمانی فاصلے پر عمل درآمد نہیں کرایا جارہا ہے جو مسافر خود محتاط ہیں وہی کورونا سے بچنے کے لئے تمام گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہیں۔ لیکن جب اسٹیشن پر پولیس کی موجودگی میں کورونا کے ٹیسٹ کے لیے قطار بند لوگوں کے درمیان بھی جسمانی فاصلے پر عمل درآمد نظر نہیں آتا۔
گیا اسٹیشن پر کورونا سے حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات کا ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے جائزہ لیا تو پلیٹ فارم نمبر ایک پر بیٹھے سنتوش کمار انتظامات سے مطمئن نظر نہیں آئے، سنتوش کمار نے کہا کہ ٹرین سے سفر تو مہنگا ہوگیا ہے، کورونا مثبت کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم اسٹیشن پر بچاؤ کے لیے انتظامات نہیں ہیں، ماسک لگائیں یا نہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جو مسافر بیدار ہیں وہی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرتے نظر آتے ہیں۔
خالق حسین نے کہا کہ کورونا سے سفر کے دوران محفوظ رکھنے کے لیے انتظامات کیے جانے کے نام پر ہی کرایہ میں اضافہ ہوا ہے لیکن سہولت دستیاب نہیں ہے، اسٹیشن پر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ماسک چیکنگ بھی نہیں ہے، باہر سے جو مسافر آتے ہیں ان میں زیادہ تر کی جانچ نہیں ہوتی ہے، حالانکہ کچھ مسافروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرائے میں اضافے کی وجہ سے اسٹیشن پر ہجوم نہیں ہے جس سے جسمانی فاصلے پر بھی عمل درآمد ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ گیا ریلوے اسٹیشن پر ہر روز کورونا کی مثبت رپورٹ آرہی ہے، گیا میں بارہ ایکٹیو معاملے ہیں جس میں دس افراد دوسری ریاستوں سے آنے والے ہیں، گیا میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے گزشتہ روز اسٹیشن کا جائزہ بھی لیا تھا۔