ہریانہ کے ضلع سرسہ کے کالاوالی علاقے میں ایک آوارہ بیل 40 گرام سونے کے زیورات کھا گیا جس پر زیور مالک اس کے گوبر سے سونا ملنے کی امید ظاہر کر رہے ہیں۔
دراصل دس دنوں قبل کالاوالی کے وارڈ نمبر 6 کی ایک خاتون نے کچرے کے ساتھ اپنے 4 تولہ سونے کے زیورات گلی میں پھینک دیے جسے گلی میں گھوم رہے ایک آوارہ بیل نے نگل لیا، جس کے بعد نندی مہاراج کے اہل خانہ کے لوگ صبح شام دلیا، سبز چارہ اور کیلے سمیت مختلف اشیاء کھلا رہے ہیں۔ اور گوبر سے سونا واپس ملنے کی امید ظاہر کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق خاتون 4 تولہ سونا لاپرواہی میں ایک برتن میں رکھ دیے اور اسی میں سبزی کاٹنا شروع کردی۔ خاتون نے سبزی مکمل طور پر کاٹنے کے بعد ایک طرف سبزی کا کچرا اکٹھا کررکھ دیا جس کی وجہ سے برتن میں رکھے ہوئے سونے کے زیورات اس کچرے کے نیچے دب گئے جسے بعد میں خاتون نے اسے بیل کے آگے ڈال دیا۔
بیل نے سبزی کے ساتھ سونے کے زیورات بھی نگل لیے جس کے بعد خاتون کو برتن میں زیورات کا خیال آیا۔
خاتون کے شوہر کا کہنا ہےکہ بیل کا زیوارت کھانے کا پتہ چلنے کے بعد انہوں نے بیل کو تلاش کیا اور اسے مویشیوں کے ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ جب ڈاکٹر نے اس حوالے سے ان کی کوئی مدد کرنے سے انکار کردیا تو انہوں نے بیل کو گھر کے نزدیک ہی باندھ دیا اور اسے خوب کھلانا پلانا شروع کردیا۔ اب اہل خانہ کو امید ہے کہ گوبر کے ساتھ ساتھ زیور بھی نکل آئے گا۔