مانیکشا آڈیٹوریم میں منعقد پروگرام میں راجناتھ سنگھ نے فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'نیاہیڈ کوارٹر فوج کے وسائل کی بچت اور انتظامی کارکردگی کو بڑھانے میں اہم تعاون فراہم کرے گا، اس سے قومی سلامتی کو بھی مضبوطی ملے گی۔'
نئے ہیڈکوارٹر کے سنگ بنیاد کو تحریک کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ملک کے باشندوں کو فوج کی قربانیوں کو یاد كرائےگا، نیا ہیڈ کوارٹر فوج کو امن کے دوران اپنے اہل خانہ کے ساتھ گذارنے کا زیادہ موقع مہیا کرائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان فوج کی قربانیوں کی وجہ سے ہی دنیا کے سب سے زیادہ طاقتور ممالک میں سے ایک بن پایا ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کے انضمام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری اور فوجی امور کے شعبے کی تشکیل اسی سمت میں ہوئے فیصلے ہیں، اس سے ملک کی فوجی صلاحیت مزید بڑھے گی۔
واضح رہے کہ موجودہ فوجی ہیڈ کوارٹر آٹھ علاقوں میں بکھرا ہے جن میں ساؤتھ بلاک، سینا بھون، ایریا، آر کے پورم، شنکر وہار اور دیگر مقامات شامل ہیں۔
نیا ہیڈکوارٹر مانیكشا سینٹر کے سامنے 39 ایکڑ اراضی پر تعمیر ہوگا۔ اس میں دفاتر، سکیورٹی اہلکاروں کے لئے رہائشی کمپلیکس اور بنیادی سہولیات شامل ہوں گی۔
ہیڈکوارٹر میں 6014 دفاتر ہوں گے جن میں 1684 افسران اور 4330 عملے کے لئے ہوں گے۔ اس کا رقبہ ساڑھے سات مربع میٹر ہوگا جس میں پارکنگ بھی ہوگی۔ اس کی تعمیر پانچ سال میں مکمل ہو گی۔