بسرکھ پولیس نے دوہرے قتل معاملہ میں 2 ملزمین کو گرفتار کے ان کے قبضہ سے 72 ہزار روپئے نقد، ایک چیک بک، ایک فون، خون سے آلودہ کپڑے اور ایک چاقو برآمد کرلیا۔
پولیس کمشنر گوتم بدھ نگر نے دوہرے قتل معاملہ میں کامیاب سراغ لگانے والی پولیس ٹیم کو ایک لاکھ روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ تھانہ بسرکھ کی چیری کاؤنٹی سوسائٹی میں 9 ویں منزل پر رہنے والے ونےکمار اور ان کی اہلیہ کو نامعلوم بدمعاشوں نے قتل کردیا تھا اور ان کے فلیٹ سے رقم لیکر فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران ایک اطلاع پر گیلیکسی ویگا چوراہے سے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا جس کی شناخت امن حیات خان کی حیثیت سے کی گئی۔
ڈی سی پی ہریش چند نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک ملزم کی شناخت بہار کے رہنے والے امن حیات خان کے طور پر کی گئی جبکہ یہ اپنی شناخت کو چھپاکر گریٹر نوئیڈا میں رہ رہا تھا اور مقتول جوڑے کی سوسائٹی میں موجود کرانے کی دکان پر کام کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ امن نے اپنے ساتھی سورو کے ساتھ ملکر واردات کا منصوبہ بنایا تھا۔ ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ سورو کی نابالغ بیٹی سے امن حیات کے تعلقات تھے جبکہ اس کا علم سورو کو بھی تھا اس لئے وہ چاہتا تھا امن واردات انجام دے تاکہ لوٹی گئی رقم میں اسے بھی حصہ ملے۔ 19 برس کا امن حیات بی ایس سی کا طالب علم ہے وہیں سورو کا تعلق پنجاب سے ہے۔ امن کی نشاندہی کے بعد سورو کے گھر سے مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔