عالمی وبا کورونا وائرس کے خدشات اور اس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پورے بھارت کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی سے لیکر وزیر اعلی اروند کیجریوال اور دہلی پولیس بھی لوگوں سے اس پر عمل کرنے کی مستقل اپیل کررہی ہے لیکن اس کے باوجود لوگ اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھر سے باہر نکل رہے ہیں۔ ابھی تک پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ایسے دو ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گذشتہ 23 مارچ سے دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے 25 مارچ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو روکنے کے لئے 21 دن تک گھر سے باہر نہ نکلیں۔ تاہم اس دوران بھی لوگوں کو راشن اور روزمرہ کی اشیاء خریدنے کے لئے باہر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
جبکہ 23 مارچ سے دہلی پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ 3 اپریل تک لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے 2037 افراد کے خلاف دہلی پولیس نےمختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج کیا ہے۔ ان میں دو ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن قابل ضمانت جرم کی وجہ سے انہیں تھانے سے ضمانت مل گئی۔ اس دوران 45 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ، جبکہ پانچ ہزار سے زائد گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ جن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، انہیں چھ ماہ جیل جانا پڑ سکتا ہے۔
گھر سے باہر جانے والے لوگوں کی تفتیش کے لئے پولیس نے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پیکٹ رکھے ہیں۔ پولیس لوگوں سے مسلسل اپیل کررہی ہے کہ وہ مکمل طور پر لاک ڈاؤن کی پیروی کریں۔ ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔