نئی دہلی: ساؤتھ دہلی پولیس نے آکسیجن کنسنٹریٹر کی کالا بازازی کرنے والے ایک گرروہ کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے اب تک 524 آکسیجن کنسنٹریٹر برآمد کیے ہیں۔ ملزمان نے لودھی کالونی اور خان مارکیٹ کے ریستوراں اور کلبوں میں یہ طبی سامان چھپائے رکھا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے کل چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ مزید پولیس ملزمان سے بلیک مارکیٹنگ کے تعلق سے مسلسل تفتیش کر رہی ہے۔
ڈی سی پی اتول ٹھاکر کے مطابق گشت کے دوران لودھی کالونی پولیس کو معلوم ہوا کہ یہاں ایک ریستوراں (بار) کھولا ہوا ہے۔ یہ بھی اطلاع ملی کہ وہاں کچھ مشکوک سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ ایس ایچ او پرفولہ جھا کی نگرانی میں جب ریستوراں میں چھاپہ مارا گیا تو ایک نوجوان وہاں لیپ ٹاپ پر آکسیجن کنسنٹریٹر کا آرڈر لے رہا تھا۔ یہاں سے پولیس کو آکسیجن کنسنٹریٹر کے 32 باکس اور دیگر اشیاء ملی ہیں جن کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ اس ریستوراں کا مالک نونیت کالرا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے کل چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کی شناخت گوراو، ستیش سیٹھی، وکرنت اور ہیتش کے نام سے ہوئی ہے۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ ریسٹورنٹ میں کم سامان رکھا ہوا تھا، جبکہ منڈی گاؤں میں، آکسیجن سلنڈر رکھنے کے لیے ایک گودام بنارکھا ہے۔ اس اطلاع پر وہاں چھاپہ مارا گیا اور 387 آکسیجن کنسنٹریٹر برآمد ہوئے۔ پولیس سے تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم مریض کے لواحقین کو 70 ہزار روپے سے زیادہ کی قیمت پر آکسیجن کنسنٹریٹر بیچ رہے ہیں۔ پولیس نے ان کے پاس سے 70 ہزار روپے مالیت کا اسٹیکر بھی برآمد کیا ہے۔
آکسیجن کنسنٹریٹر کے ساتھ گرفتار ملزم ہیتش کی نشاندہی پر لودھی کالونی پولیس نے خان مارکیٹ میں ایک ریستوراں پر چھاپہ مارا۔ ٹاؤن ہال نامی اس ریستوراں سے آکسیجن کے 9 کنسنٹریٹر برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملزم کی نشاندہی پر 96 آکسیجن کنسنٹریٹر خان مارکیٹ کے خان چاچا ریستوراں سے بھی برآمد کیے گئے ہیں، پولیس کا ماننا ہے کہ کورونا دور میں یہ گینگ جم کر کالابازاری اور منافع خوری کر رہا تھا۔