قومی دارالحکومت دہلی کی تاریخی لال قلعہ کے سامنے آج کسانوں نے ٹریکٹر ریلی نکالی۔ دہلی کے متعدد مقامات پر کسانوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد انتظامیہ نے مختلف علاقے کے انٹر نیٹ خدمات معطل کردی ۔
اطلاعات کے مطابق تصاد میں متعدد پولیس ہلکار اور کسانوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے، جبکہ ایک کسان کی ہلاکت کی اطلاع ہے، فی الحال دہلی میں اضافی سیکورٹی تعینات کردی گئی ہے۔
آج کسانوں کی جانب سے نکالی گئی پریڈ مرکزی حکومت کے ذریعے بنائے گئے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف تھی جس میں کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ای ٹی وی بھارت نے قومی دارالحکومت دہلی کے لال قلعہ پر موجود کسانوں سے بات کی۔ کسانوں نے بتایا کہ کس طرح سے پولیس نے انہیں روکنے کے لیے تمام حدیں پار کیں۔
اس پریڈ کے دوران دہلی پولیس نے کسانوں پر نہ صرف لاٹھیاں برسائیں بلکہ آنسو گیس کے گولے بھی داغے جس میں متعدد کسان زخمی بھی ہوئے۔
خیال رہے کہ کسانوں کا یہ احتجاج گزشتہ کئی مہینوں سے چل رہا ہے۔ پہلے یہ احتجاجی مظاہرہ پنجاب میں شروع ہوا جس کے بعد دہلی کی مختلف سرحدوں پر کسانوں نے اپنا ڈیرہ جمایا۔ آج دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر ٹریکٹر ریلی نکالی اور لال قلعے پر پہنچ کر زوردار مظاہرہ کیا۔