مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر نشنک نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ویبنار میں خواتین وائس چانسلروں، پروفیسروں اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قوم کی رہنما ہوتی ہیں اور وہ پائیدار ترقی اور معیار زندگی کی کنجی ہیں۔
انہوں نے کہا ’’کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار لامحدود ہوتا ہے، تمام شعبوں میں ان کا تعاون رہتا ہے، میرا خیال ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہی خواتین کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے‘‘۔
انہوں نے خواتین کے تئیں احترام کے تعلق سے کہا “ہندوستان میں ہمیشہ ہی خواتین کو احترام کے بلند مقام پر رکھا گیا ہے، ’ناری تو نارائنی‘ لفظ ہماری روایت میں رہا ہے اور یہ صرف ہندوستانی ثقافت ہے جہاں خواتین کو دیوی کا درجہ دیا گیا ہے‘‘۔
انہوں نے رانی لکشمی بائی، اودھا دیوی، سروجنی نائیڈو، لکشمی سہگل جیسی خواتین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں خواتین نے تمام سماجی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے خود کو ملک کے لیے وقف کیا، جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی یونیورسٹیز اور کالجز میں ہندوستانی علوم کی ترقی کے تحت یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے تدریسی، تحقیق اور فیلڈ ایکشن کے ذریعہ خواتین کے مطالعات میں توسیع کے لیے مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں 159 خواتین اسٹڈی سینٹر قائم کئے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے خواتین اور لڑکیوں کے لئے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں کے تعلق سے بھی معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے تعلیمی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں اعلی تعلیم میں صنفی مساوات کو فروغ دینے اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کی جانے والی سفارشات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر نشنک نے کہا ’’ مجھے امید ہے کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے ساتھ ہماری اعلی تعلیم کی سوچ سے زیادہ خواتین کو آسانی سے اعلی تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
(یو این آئی)