انہوں نے کہا کہ 'گارگی کالج میں طالبات پر حملہ اور ان کے ساتھ جنسی استحصال کرنے والے غنڈوں کے تئیں پولیس تماشائی بنی رہتی ہے اور وہی پولیس جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آتی ہے تو طلبا و طالبات پر حملہ کرتی ہے اور ان کے خفیہ اعضاء پر حملہ کرتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اسی طرح جے این یو میں طلبا اور طالبات پر غنڈے حملہ کرتے رہے لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہی پولیس جے این یو اور گارگی کالج میں بے جان ہوجاتی ہے اور جامعہ آتے ہی کہاں سے ان کے اندر جان پیدا ہوجاتی ہے یا پھر یہ مخصوص ذہنیت کا کمال ہے۔'
سماجی کارکن اور خاتون مظاہرین میں شامل ملکہ نے کہا کہ 'جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا اور خاص طور پر طالبات پر پولیس نے حملہ کیا ہے، وہ ظلم کرنے کے باب میں ایک اضافہ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'پولیس نے بدنامی سے بچنے اور کیمرے میں قید ہونے سے بچنے کے لیے لاٹھی نیچے سے چلائی ہے اور طالبہ کے پرائیویٹ پارٹ پر لاٹھی سے حملہ کیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'طالبات نے کیمرے کے سامنے پولیس کی اس وحشیت کا اظہار کیا ہے' اور کہا کہ 'کس طرح مرد پولیس نے ان کے ساتھ چھیڑ خانی کی ہے جب کہ وہاں پر خاتون پولیس بھی موجود تھی'۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا، اعلی حکام اور مرکزی حکومت کے وزراء کے گارگی کالج میں طالبات پر خاموشی اور جلد کارروائی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ 'بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ لگا کر سب سے زیادہ خواتین کا ہی استحصال کیا گیا ہے اور سب سے زیادہ ان کے لیڈر آبروریزی کے واقعات میں ملوث ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ ان کے رہنما جس طرح خواتین کے بارے میں تبصرہ کرتے ہیں وہ ان کی ذہنیت کی غماز ہے۔
خاتون مظاہرین نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی جیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین باغ کا کرنٹ صحیح جگہ پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور مرکزی حکومت کے وزراء نے شاہین باغ کی خواتین کی تکلیف کو سمجھے بغیر انہیں بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور انتخاب کے دوران ترقی، تعلیم، صحت اور روزگارکے بجائے شاہین باغ شاہین باغ چلاکر ہمیں ذہنی اذیت پہنچانے کی کوشش کی، اور ان کے وزراء نے شاہین باغ کو سامنے رکھ کر ایک مخصوص طبقہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کی عوام نے صحیح فیصلہ سنادیا ہے اور نفرت پر محبت کی جیت ہوچکی ہے اور عوام نے نفرت کو مسترد کرکے سماجی آہنگی کو بگاڑنے والوں کو سبق سکھا دیا ہے۔