دہشت گرد حملوں کو انجام دینے کے معاملے میں جیل میں بند داعش کے مشتبہ دہشت گرد آصف علی کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ تہاڑ جیل انتظامیہ نے دہلی میں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کو اس بات کی معلومات دی۔ اس کے بعد عدالت نے آصف علی کو جیل میں علاج کی فراہمی کی ہدایت دی۔
24 جون کو عدالت نے تہاڑ جیل کو نوٹس جاری کیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ آصف کو کورونا کی علامات ہیں۔ وکیل ایم ایس خان نے آصف علی کی جانب سے درخواست میں کہا تھا کہ تہاڑ جیل کے 17-18 قیدی کھانسی اور بخار کی طرح کورونا کی علامات ظاہر دکھائی دے رہے ہیں لیکن جیل انتظامیہ ان کے میڈیکل چیک اپ کے لیے کوئی انتظامات نہیں کررہی ہے۔ درخواست میں ان تمام قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ اگر جیل انتظامیہ ان کا وقت پر علاج نہیں کرتی ہے تو ان کی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ سماعت کے دوران تہاڑ جیل انتظامیہ نے کہا کہ آصف کے ہمراہ تمام 18 قیدی منفی ہیں۔
آصف کو دسمبر 2015 میں این آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔ اس پر یوم جمہوریہ سے قبل ملک بھر میں دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔ سن 2016 میں مزید 15 افراد کو دہشت گرد تنظیموں میں داخل کرنے اور مالی امداد دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان مشتبہ افراد میں سے ایک سرکاری گواہ بن گیا ہے۔ این آئی اے کے مطابق ان ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ شام میں لوگوں کو داخل کرنے اور آئی ایس کے لیے مالی مدد فراہم کرنے میں ملوث رہے ہیں۔