دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے صحافیوں کو بتایا کہ' دہلی میں سی بی ایس ای کے امتحانات میں چھ لاکھ امیدوار حصہ لیں گے اور ایک لاکھ سے زیادہ اساتذہ اس میں شامل ہوں گے'۔ انہوں نے کہا کہ' کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں نوجوان زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ دہلی میں 65 فیصد سے زیادہ کورونا مریض 45 سال سے کم عمر کے ہیں، اسپتالوں کو ہوٹلوں سے منسلک کیا جارہا ہے۔
ہوٹلوں میں کم سنگین مریضوں کا علاج کیا جائے گا اور زیادہ سنگین مریضوں کا علاج اسپتالوں میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسپتالوں میں منصوبہ بند سرجری دو تین ماہ کے لئے ملتوی کردی جائے گی۔ اسپتالوں میں داخل جن مریضوں کو بستر کی ضرورت نہیں ہے ان سے بستر خالی کرنے کی درخواست کی جائے گی، تاکہ سنگین مریضوں کے لئے بستر دستیاب ہوسکے۔
وزیر اعلی نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں سے پلازمہ عطیہ کرنے کے لئے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران دہلی میں 13 ہزار 500 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں جب کورونا وائرس پھیل رہا تھا، تب زیادہ سے زیادہ 8500 متاثرین رپورٹ ہوئے تھے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ لہر بہت خطرناک ہے۔ اس لہر میں نوجوان بہت متاثر ہورہے ہیں۔ اس کے ساتھ بچے بھی متاثر ہورہے ہیں۔
پچھلے 10-15 دنوں کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اب تک جو مریض کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ان میں سے 65فیصد مریضوں کی عمر 45 سال سے کم ہے۔ میں تمام نوجوانوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کا صحت مند رہنا ملک کے لئے بہت اہم ہیں۔ آپ لوگ اپنے کنبے کے لئے بہت قیمتی ہیں۔ آپ کی زندگی، آپ کی صحت اور آپ کی سلامتی ہم سب کے لئے بہت اہم ہے۔