تبلیغی جماعت کے مرکز حضرت نظام الدین معاملے میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ دوبارہ ساکیت کورٹ میں 12 چارج شیٹ داخل کرے گی، اس تعلق سے 41 بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کارکنان کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ اس سے قبل بھی دہلی پولیس کرائم برانچ تقریبا 915 بیرون ملک کے تبلیغی جماعت کے کارکنان کے تعلق سے 47 چارج شیٹ عدالت میں داخل کر چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق 31 مارچ کو دہلی کے نظام الدین تھانہ ایس ایچ او کی جانب سے دہلی کرائم برانچ ڈی سی پی کو ایک شکایت نامہ بھیجا گیا تھا، اس مکتوب میں تبلیغی جماعت کارکنان پر کورونا وائرس کے تعلق سے بنائے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اور اس دوران دہلی نظام الدین کے تبلیغی جماعت مرکز سے تقریبا 2200 جماعت کارکنان کو مرکز سے نکالا گیا تھا جن میں تقریبا ایک ہزار بیرون ملکی تھے۔
اس سارے معاملے کی تفتیش کے بعد کرائم برانچ نے تقریبا 47 چارج شیٹ داخل کیے ہیں جن میں تقریبا 915 جماعتی کارکنان کا تعلق بیرون ملک سے ہے ان سبھوں کو ملزم ٹھرایا گیا ہے، یہ سبھی 12 مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے ہیں۔ تبلیغی جماعت مرکز کے تعلق سے 12 نئے چارج شیٹ کو ملا کر اب تک کل 59 چارج شیٹ ہو جائیں گے، جن میں 956 بیرون ملکی تبلیغی جماعت کے کارکنان شامل ہیں اور یہ سبھی 36 الگ الگ ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان سبھی بیرون ملکی تبلیغی جماعت کارکنان پر قانون کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ٹھراتے ہوئے ان سبھی کے ویزے کو رد کرنے کے ساتھ ساتھ ان سبھوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:چین کے قبضے سے دس بھارتی فوجی رہا
سبھی تبلیغی جماعت کارکنان پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے وبائی امراض ایکٹ سے متعلق حکومتی رہنما خطوط کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعات کی بھی ان کے ذریعہ خلاف ورزی ہوئی ہے۔ مزید انہوں نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ان سبھوں نے ایسی لاپرواہی برتی ہے جس کی وجہ سے خطرناک وبا کے مزید پھیلنے کا امکان تھا۔