تملناڈو کے کئی اضلاع میں کورونا کے معاملات کم ہورہے ہیں لیکن کئی علاقو ں میں صورتحال اب بھی سنگین ہے۔ ریاست میں کورونا وبا کی ودسری لہر کی وجہ سے دس مئی کو لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا جس کے بعد ہر ہفتہ اس میں توسیع کی جارہی ہے۔
وزیراعلی ایم کے اسٹالن نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور لوگوں کی بیش قیمتی زندگی کو بچانے کے لئے ضلع وار صورتحال کے جائزہ کے بعد اور صحت اور طبی ماہرین کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر لاک ڈاون میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تملناڈو کے چنئی، شمالی اور جنوبی اضلاع میں کورونا کے معاملات کم ہوئے ہیں اس لئے ان علاقوں میں لاک ڈاون میں زیادہ نرمی دی گئی ہے۔ ریاست کے گیارہ اضلاع کوئمبٹور، نیل گیری، ترپور، ایروڈ، سیلم، کرور، نمکل، تنجاور، ناگپٹنم، مائلادوتھورئی میں کورونا کے معاملات زیادہ ہونے کے مد نظر لاک ڈاون میں کم نرمی دی گئی ہے۔
ریاست میں لاک ڈاون کے دوران ضروری خدمات جاری رہیں گی لیکن عوامی اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سروس، شاپنگ کامپلکس، مال، سیاحتی مقام، تھیئٹر، سیلون اور اسپا بند رہیں گے۔
یو این آئی