اوڈیشہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) کے 543 نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد منگل کو ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 14000 سے تجاوز کر گئی اور مزید 4 افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 74 ہوگئی۔
محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے ذرائع نے بتایا کہ 543 نئے کیسز کی اطلاع ملنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 14280 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی چار اموات میں سے دو کھوردا اور ایک گنجام میں اور ایک کٹک ضلع میں ہوئی ہے۔
ریاست کے سندر گڑھ ضلع میں ایک کورونا سے متاثرہ سوا سالہ بچہ فوت ہونے کے بعد ریاست میں کورونا سے متاثر ہونے کے دوران کسی اور بیماری کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ریاست میں اب تک 3 لاکھ 47 ہزار 227 افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے، ان میں سے 14،280 متاثر پائے گئے تھے اور ان میں سے 9،255 افراد کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 505 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ ریاست میں اس وقت کورونا کے 4،929 فعال معاملے ہیں جن میں سے 4،896 افراد اسپتال میں داخل ہیں۔
ضلع گنجم میں اب تک کورونا سے متاثرہ 43 افراد کی موت ہو چکی ہے اور یہ کورونا کیسز کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ابھی تک کھوردا میں 12 افراد، کٹک میں تین، سندر گڑھ اور بالاسور اضلاع میں دو دو اور باقی آٹھ اضلاع میں ایک شخص کی موت ہوچکی ہے۔
گنجم ضلع کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک کورونا کے 4،835 معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے اور 1،856 فعال کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ گنجم کے علاوہ اب تک ضلع کھوردا میں 1،423 اور کٹک میں 1050 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔