چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس اے ایس بوپَنَّٓا اور جسٹس وی سبرامنیم کے بینچ نے کمل ناتھ کی عرضی کی شنوائی کے دوران کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا۔
حالانکہ کمیشن کی جانب سے پیش ہونے والے سینیئر راکیش دویدی نے معاملے کی شنوائی کے آغاز میں ہی کہا کہ مدھیہ پردیش میں اسمبلی ضمنی الیکشن کے لیے تشہیر گذشتہ روز ہی تھم گئی اور ووٹنگ ہونے والی ہے۔ ایسے میں مسٹر کمل ناتھ کی جانب سے پیش ہونے والے سینیئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے اس کی پرزور مخالفت کی۔
مسٹر سبل نے کہا کہ یہ عرضی اب بھی شنوائی کے قابل ہے کیونکہ کمیشن نے سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف ایک معاملے میں 30 اکتوبر کو شکایت برقرار رکھی ہے۔
بینچ نے کہا کہ وہ معاملے کی شنوائی کرے گی کہ کمیشن کے پاس اس طرح کی بنیاد ہے یا نہیں۔ جسٹس بوبڈے نے کمیشن سے کہا،’ہم آپ کے حکم پر پابندی عائد کرتے ہیں اور آپ سے یہ جواب چاہتے ہیں کہ آپ کو عوامی نمائندگی کے قانون کی دفعہ 77 کے تحت یہ حق کس نے دیا کہ کس پارٹی میں کون اسٹار تشہیرکار ہوگا اور کون کچھ اور‘۔
عدالت اس معاملے میں بعد میں شنوائی کرے گی۔