ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کی تنظیم لوک تانترک ادھیکارمنچ کے زیر اہتمام بھوپال کے رنگ محل چوراہے سے راج بھون تک امن مارچ نکالا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے قومی شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔
مظاہرہ اور مارچ کے بعد گورنر کے نام میمورنڈم دیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ دہلی میں ہوئے تشدد کا کلیدی ملزم بی جے پی لیڈر کپل شرما کو بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ان تمام لوگوں کے خلاف فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے اور اکسانے کے لیے این ایس اے کے تحت کاروائی کی جائے جنہوں نے گزشتہ کچھ دنوں میں اشتعال انگیز بیان دیے ہیں،جس کے سبب دہلی میں تشدد ہوا۔
گورنر کو دیے گئے میمورینڈم میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کر رہے لوگوں پر ہو رہے جان لیوا حملوں اور دہلی میں ہو رہے تشدد کی اعلی سطحی جانچ، تشدد کو فروغ دینے والی تنظیموں پر پابندی لگانے اور ان کے سربراہوں پر قومی سلامتی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مارچ نکال رہے لوگوں نے کہا کہ بی جے پی کے ذریعہ اقتدار کا بیجا استعمال کرنے پر اور ان کی سیاسی مداخلت پر پابندی لگائی جائے۔ دہلی تشدد میں مارے گئے لوگوں کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔ زخمیوں کو فورا علاج یقینی کیا جائے اور تشدد روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔