مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن نے اسمبلی اسپیکر این پی پرجاپتی کو مکتوب لکھ کر کہا ہے کہ جب تک ان کے (مسٹر پرجاپتی کے) خلاف مجوزہ تحریک عدم اعتماد پر ایوان میں فیصلہ نہیں لیا جاتا ہے، اس وقت تک وہ آئین، اسمبلی دستور اور اخلاقی بنیاد پر ہر معاملے کی قانونی حیثیت کی جانچ کر کے کام کریں گے ۔
گورنر نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے تعلق سے راج بھون کو 20 اور 21 مارچ کو موصول خطوط کے تناظر میں گزشتہ دیر رات ایک خط لکھا ہے، جس میں اسپیکر سے کہا ہے کہ وہ تمام کاروائی قانونی حیثیت کے مطابق ہی انجام دیں۔
گورنر نے انہیں موصول خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ( اسپیکر کے) خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں زیر التوا ہے ۔
تحریک عدم اعتماد پر کارروائی اسمبلی کا کام ہے، لہذا ایوان کا اجلاس طلب ہونے پر اس پر ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔ اس وقت تک اسمبلی کے چیف سیکریٹری، اسپیکر کی ہدایت کے مطابق حسب معمول اپنے فرائض انجام دیں گے ۔