کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس کی وجہ سے روزمرہ کی زندگی بری طرح سے متاثرہے۔ حکومت نے ضروری خدمات کی اجازت دے دی ہے اس کے باوجود لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تازہ ترین کیس ضلع بھاگل پور سے سامنے آیا ہے۔ جہاں ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے ایک بیٹا اپنے والد کو ٹھیلے پر لاد کر ہسپتال پہنچا۔
دراصل گزشتہ بدھ کی شام چار بجے بھاگل پور کے تھانہ لودی پور کے گڈھوٹیا کے رہائشی محمد اسلم کو کرنٹ لگ گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کا ایک پیر کاٹنا پڑا۔ انہیں علاج کے لئے بھاگل پور لانے کی ضرورت تھی۔
اس دوران مقامی لوگوں اور اسلم کے لواحقین نے ایک ایمبولینس کے لئے ہسپتال اور محکمہ صحت سے متعدد بار رابطہ کیا۔ تاہم ایمبولینس دستیاب نہیں ہوئی۔
اسلم کے اہل خانہ کو مجبوری میں پڑوس سے ٹھیلا مانگنا پڑا اور زخمی اسلم کو بیٹا ہسپتال لے کر پہنچا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کیا کہ لاک ڈاؤن کے درمیان محکمانہ بے حسی کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات دوگنی ہوگئی ہیں۔ ضلع کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل انہیں گھر میں بجلی تار سے کرنٹ لگ گیا تھا۔ جس کے بعد ٹانگ کو کاٹنا پڑا۔ ایک بار پھر ہسپتال میں علاج کے لئے بلایا گیا۔ لیکن اس دوران جب ہم نے ایمبولینس طلب کی تو محکمہ صحت کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی۔ آخر کار بیٹے نے ٹھیلے پر لادکر باپ کو ہسپتال پہنچایا۔