ریاست کرناٹک کی قدیم خانقاہ صوفی سرمست یادگیر کے زیر اہتمام ہر سال ماہ محرم الحرام کے موقعے پر سہ روزہ سالانہ مجلس منعقد کی جاتی تھی مگر موجودہ حالات اور کورونا وائرس کے پیش نظر اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
حکومتی حکمنامے کے مطابق درگاہوں، خانقاہوں اور مساجد میں عوامی اجلاس کے انعقاد پر پابندی ہے جس کی وجہ سے سہ روزہ مجلس کے انعقاد کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خانقاہ صوفی سرمست یادگیر کے جانشین سید نجم الہدیٰ سرمست نے بتایا کہ خانقاہ صوفی سرمست کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سہ روزہ سالانہ مجلسِ سید الشہدا سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کو رواں برس کورونا وائرس کے حالات کے پیش نظر موقوف کردیا گیا ہے۔
انہوں وابستگان خانقاہ اور عقیدت مندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'تمام وابستگان خانقاہ صوفی سرمست سے التماس ہے کہ وہ حضرت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کا فاتحہ اپنے اپنے گھروں میں کریں اور حضرت کے وسیلے سے عالم اسلام اور ساری انسانیت کے لیے دعائے خیر کریں۔'