ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پرکاش راجپوت کا ٹرانسفر ہونے پر کرناٹک یونین آف ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ضلع یادگیر کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس موقع پر کنڈا روزنامہ کے صحافی لکشمی کانت کلکرنی نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پرکاش راجپوت کی خدمات کو ضلع یادگیر کی عوام ہمیشہ یاد رکھے گی کورونا کے پہلے لہر میں انہوں نے اپنی نمایاں خدمات انجام دی تھیں اور پھر کورونا کی اس دوسری لہر میں بھی انہوں نے ضلع یادگیر میں کورونا پر قابو پانے کے لیے کیے جارہے اقدامات میں بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ صحافیوں کی عزت کی ہے اور صحافت کو میں پسند کرتا ہوں۔ صحافی احباب آج کے کورونا کے ماحول میں رات دن اپنی ڈیوٹی کر رہے ہیں، یہ قابل قدر بات ہے ۔انہوں نے صحافیوں سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام احباب ویکسین لے اور اپنی صحت کا خیال رکھیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور ماسک لگائے رکھیں۔
اس موقع پر کرناٹک یونین آف ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر آندودھر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پرکاش راجپوت کو تہنیت پیش کی اور ان کے دور میں کیے گئے کاموں کی ستائش کی۔
اس موقع پر انل دیش پانڈے، راجیش پاٹل، روی کمار، لکشمی کانت کلکرنی، گوگل سوامی کے علاوہ دیگر صحافی احباب موجود تھے۔