کرناٹک کے گلبرگہ میں کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے قائدین کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کیمپس فرنٹ آف انڈیا ضلع گلبرگہ کی جانب سے تماپوری سرکل سے ضلع کمشنر آفس تک احتجاجی جلوس نکالتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
اس موقع پر کیمپس فرنٹ آف انڈیا ضلع گلبرگہ کے صدر عرفان نے کہا کہ اترپردیش میں دلت لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آنے کے بعد کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے قائد عتیق الرحمن مسعود، کیرالہ سے تعلق رکھنے والے صحافی صدیق کپن اور متاثرہ لڑکی کے افراد خاندان سے ملاقات کےلیے جارہے تھے کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری رؤف شریف کو بھی گذشتہ ایک سال سے غیرضروری طور پر جیل میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور بے بنیاد الزامات کے تحت انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
گلبرگہ: پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف کانگریس پارٹی کا احتجاج
عرفان نے کہا کہ عتیق الرحمن کو علاج کی شدید ضرورت ہے جبکہ انہیں فوری طور پر رہا کرکے ان کا علاج کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے جلدازجلد عتیق الرحمن کو اسپتال میں داخل کر کے ان کا علاج کرانے اور ان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔