ریاست کرناٹک میں ضلع بیدر کے سابق رکن اسمبلی سید ذوالفقار ہاشمی کے انتقال پر ضلع یادگیر کے رابطہ ملت کمیٹی کے صدر امتیاز الدین نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے باک سید ذوالفقار ہاشمی کا انتقال بیدر کی سیاست میں بڑا خسارہ ہے۔
سید ذوالفقار ہاشمی تاحیات عوام کی خدمت کرتے رہے اور وہ ہمیشہ ضلع بیدر میں مسلمانوں کی آواز بن کر سامنے آئے، چاہے وہ تین طلاق کا معاملہ ہو یا پھر این آر سی کا معاملہ ہو انہوں نے ہمیشہ عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی۔
قوم و ملت کا درد رکھنے والے ذوالفقار ہاشمی نے اپنے دور اقتدار میں ضلع بیدر میں مسلم مسائل پر کھل کر اپنی بات کو رکھا، وہ ضلع بیدر کے رکن اسمبلی رہے مگر ریاست کرناٹک میں مسلم قائدین میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔
امتیاز الدین نے مزید کہا کہ وہ بہوجن سماج پارٹی سے منتخب ہونے والے شمالی کرناٹک کے پہلے رکن اسمبلی تھے، ریاست کرناٹک کے مسلم قائدین کی فہرست میں قمر الاسلام کے بعد سید ذوالفقار ہاشمی کا سب سے اہم نام تھا۔