کرناٹک کے ضلع یادگیر میں شہر کی اہم سڑکوں پر آوارہ جانوروں کے گشت کرنے سے راہگیروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کئی بار حادثات بھی ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب مختلف مقامات پر آوارہ جانور حادثے کا شکار ہو رہے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ یادگیر شہر کے محلہ آثار شریف میں پیش آیا۔ شہر کے ملن فنکشن ہال کے قریب ٹرانسفارمر کی زد میں آ کر ایک آوارہ جانور کی موت واقع ہو گئی۔
اس ٹرانسفارمر سے یہ دوسرا واقعہ ہے جب کسی جانور کی جان گئی ہے۔ ٹرانسفارمر کے اطراف و اکناف جالی نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثات پیش آ رہے ہیں۔
اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ جہاں بجلی کا ٹرانسفارمر ہوتا ہے وہیں آس پاس میں ہی کچرے کا کوڑا دان ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ آوارہ جانور کچرے دان کے اطراف و اکناف پھرتے ہیں اور حادثات کے شکار ہوتے ہیں۔
مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ محکمہ بجلی ٹرانسفارمر کے اطراف جالی لگائے اور محکمہ بلدیہ کے ذمہ داران ٹرانسفارمر کے اطراف میں رکھے گئے کچرے دان کو فوری طور پر ہٹا کر دور رکھوائیں۔