دہلی کے نظام الدین مرکز سے کرناٹک کے کلبرگہ لوٹے تبلیغی جماعت کے تمام ممبران کی کورونا وائرس رپورٹ منفی آئی ہے۔
تبلیغی مرکز سے واپس ہوئے گلبرگہ ضلع کے 26 افراد میں سے کسی ایک کے بھی کورناوائرس سے متاثر نہ ہو نے کا انکشاف ہوا ہے۔
گلبرگہ سے نظام الدین مرکز گئے تبلیغی جماعت کے افراد نے بتایا کہ 13 مارچ کو تمام لوگ حضرت نظام الدین بستی واقع مرکز گئے تھے اور 19 مارچ کی صبح واپس لوٹے تھے۔
تمام لوگوں کو گلبرگہ ای ایس آئی اسپتال میں جانچ کےلئے لایا گیاتھا، جہاں رپورٹس منفی ہونے پر ڈیسچارج کیاجارہا ہے۔
گلبرگہ کے ڈپٹی کمشنر بی شرتھ نے کہا ہے کہ تبلیغی مرکز دہلی سے واپس ہوئے گلبرگہ ضلع کے 26 افراد کی جانچ رپورٹ منفی آئی ہے۔
انہوں نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی مرکز سے واپس ہوئے 26 افراد کورناوائرس سے متاثر ہیں یا نہیں اس بات کی تصدیق کےلئے ان کے خون اور بلغم کے نمونوں کی جانچ کےلئے بھیجا گیا تھا اور انھیں ای ایس آئی اسپتال گلبرگہ کے آئی سولیش وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔
ان تمام لوگوں کی جانچ رپورٹ منفی آئی ہے۔
کورناوائرس متاثرہ افراد کے پرائمری کونٹیکٹ میں 118 اورسکینڈری طور پر 460 افراد کے رابطے میں آنے کا پتہ چلا ہے، جن پر طبی نگرانی رکھی گئی ہے ۔
گلبرگہ ضلع میں بیرونی ممالک سے آنے والے 487 افراد کا پتہ لگایا گیا ہے۔ ان میں سے 177 افراد کو ہوم کورنٹاین میں رکھا گیا ہے۔
واضح ہو کہ گلبرگہ ضلع میں اب تک 5 افراد کی کورناوائرس رپورٹ مثبت آئی تھی، ان میں سے 2 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ ضلع میں 141 افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ 2 افراد کی رپورٹ تکنیکی وجوہات کے باعث نہیں آئی جبکہ 5 افراد کی جانچ رپورٹ کا انتظار ہے۔