اناؤ گینگ ریپ متأثرہ کی سڑک حادثے پر بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں کے ملوث ہونے کی بھی بات کہی جارہی ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کے دوران سماجوادی پارٹی کی خواتین رہنما ناہد لاری خان نے کہا کہ یو پی کی گورنر ایک خاتون ہیں۔ لہذا انہیں متأثرہ کا درد سمجھ کر مجرمین کے ساتھ سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے اناؤ سے رکن پارلیمان ساکشی مہاراج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کلدیپ سنگھ سنگرسے ملاقات کرنے گئے تھے۔ اس کے بعد ہی یہ حادثہ رونما ہوا۔ لہذا اس مسئلے پر ساکشی مہاراج کی بھی جانچ ہونی چاہیے۔
سماجوادی پارٹی کی یو پی خواتین مورچہ کی صدر گیتا سنگھ نے کہا کہ اگر حکومت ملزم کے خلاف سخت کاروائی نہیں کرتی ہے تو ہم شدید احتجاج کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کلدیپ سنگھ سنگر کو بچانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متاثرہ کو ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ اگر حکومت اس جانب توجہ نہیں دیتی تو سماجوادی پارٹی کی خواتین کارکنان سڑکوں پر اتر کر سخت احتجاج کریں گی۔
حالانکہ اترپردیش حکومت نے سی بی آئی جانچ کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے علاوہ متأثرہ کے بہتر علاج کے لیے بھی پوری مدد کرنے کا بھروسہ دیا ہے، لیکن اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کو گھیرنے کا یہ بہتر موقع مل گیا ہے۔
واضح رہے کہ اترپردیش کےضلع رائے بریلی میں اتوار کو پیش آئے سڑک حادثے میں اناؤ ریپ متاثرہ کی چچی کی موت ہوگئی تھی جب کہ وہ اور اس کے وکیل شدید طور سے زخمی ہوگئے تھے۔ متاثرہ کار سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ رائے بریلی جیل میں بند اپنے رشتے دار سے ملنے جارہی تھی۔ گروبخش گنج علاقے میں رائے بریلی باندہ ہائی وے پر سلطان پور کھیڑا موڑ کے نزدیک ایک ٹرک نے کار کو ٹکر ماردی تھی۔