ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ضلعی صدر محمد اسلم کی قیادت میں کارکنان نے ضلع کلیکٹریٹ پر مسلسل پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ گھریلو گیس کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ایم آئی ایم کے ضلعی صدر محمد اسلم کے زیر صدارت اس احتجاجی مظاہرے میں تمام مظاہرین نے سب سے پہلے شہر کے سیٹھ دامودر پارک میں جمع ہوئے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کی بڑھی ہوئی قیمتوں کو واپس لے کر عوام کو راحت دیں۔
انھوں نے کہا کہ صوبہ میں صرف ایک ہی کام کیا جا رہا ہے، وہ بھی فرقہ وارانہ تشدد کے ذریعے سیاست کو چمکانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور اترپردیش میں لاء اینڈ آرڈر کے حالت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے ساتھ گھریلو استحصال، بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے علاوہ نوجوانوں کی بڑھتی بےروزگاری اور جرائم کے گراف نے ریاست اترپردیش میں نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ریاستی حکومت کو برخاست کرکے صوبہ کی عوام کو حفاظت اور سکون مہیا کرایا جائے۔