شہر کے تھانہ عزت نگر علاقے میں واقع بنّوبال کالونی میں دو نوجوانوں کو پیٹائی کا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے۔ ان دونوں نوجوانوں پر الزام ہے کہ یہ بنّوبال کالونی میں چوری کے ارادے سے شٹر کا تالہ توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی درمیان کالونی کے باشندوں نے ان دونوں کو موقع سے پکڑ لیا اور نام پوچھنے کے بعد جم کر پٹائی کی۔ دونوں کو نازک حالت میں پولیس کے حوالے کیا گیا۔
پولس نے نندن سنگھ مہرا کی تحریر پر شاہ رُخ اور ریحان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے دونوں نوجوانوں کو نازک حالت میں ضلع ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں ریحان کی حالت بگڑنے لگی تو اُسے دہلی رفر کیا گیا۔ لیکن دہلی پہنچے سے پہلے ہی ان کی موت ہو گئی۔
بنّوبال کالونی کے باشندوں کا کہنا ہے کہ یہ دونوں نوجوان چوری کرنے کے ارادے سے دکان کے شٹر کا تالہ توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔
دوسرے جانب مقتول ریحان کے اہلِ خانہ نے اس الزام کو بے بنیاد بتاتے ہوئے اسے جھوٹ کہا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ریحان اور شاہ رُخ دونوں کہیں سے گھر واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران راستے میں بنّوبال کالونی کے ایک مکان کی دیوار پر پیشاب کرنے کی وجہ سے مقامی لوگوں سے معمولی تنازعہ ہوا۔ کالونی کے نندن سنگھ مہرا نے ریحان کے سر پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا، جس سے وہ کومہ میں چلا گیا اور دہلی لے جاتے وقت اُس کی موت ہو گئی۔'
ریحان کی موت کے بعد پولیس نے بنّوبال کالونی کے کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر کئی لوگوں کو حراست میں لینے کے بعد تفتیشی کارروائی جاری ہے۔ ایک نوجوان کی موت پر پولیس نے فوراً بنّوبال کالونی کے دو لوگوں کے خلاف نامزد اور کئی نامعلوم لوگوں کے خلاف ارادہ قتل کی دفعہ 307 سمیت کئی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اب جبکہ ریحان کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے تو اس مقدمہ کی دفعہ 307 کو ترمیم کرکے قتل کی دفعہ 302 میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ پولس نے اس معاملہ میں بنّوبال کالونی کے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔