سُنّی بریلوی مسلک کے پیشوا امام اہلسُنّت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں کے وارثین میں شمار حماد رضا خان نے نیٹ کے امتحان میں 10007 ویں رینک حاصل کی ہے۔ یہ رینک اس معنی میں اہمیت کی حامل ہے کہ حماد رضا خاں، خاندانِ اعلیٰ حضرت کے پہلے فرد ہیں، جنہوں نے نیٹ کے امتحان میں مقام حاصل کیا ہے۔
روایت کے طور پر درگاہ اعلیٰ حضرت سے وابستہ خاندان کے بزرگ اور شہزادگان کئی دہائیوں تک روحانیت،مذہبی تعلیم اور مسلکی و خانقاہی تعلیم و تربیت کے میدان میں عالمی سطح پر ایک اہم مقام قائم کیا ہے۔ عالمی سطح پر اعلیٰ حضرت کی پہچان دینی و مذہبی اور مسلکی و خانقاہی تعلیم کی سربلندی کی صورت میں ہے۔ لیکن زمانے کی رفتار اور دین و مسلک کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اب خاندان اعلیٰ حضرت کی نئی نسل دینی تعلیم کی تبلیغ و ترویج کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کے میدان میں بھی اپنے قدم جمانے کی راہ پر گامزن ہے۔ اس کی سب سے انوکھی مثال خاندان اعلیٰ حضرت کے نوجوان حماد رضا خان نے نیٹ کے امتحان کو پاس کرکے پیش کی ہے۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سماجی کارکن انیس رضا خاں نے اس برس نیٹ کے امتحان میں آل انڈیا جنرل رینک 10007 حاصل کرنے والے حماد رضا خاں کو مبارک باد پیش کی۔
واضح رہے کہ حماد رضا خاں، محسن رضا خاں کے سب سے چھوٹے فرزند ہیں۔ یہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں کے بھائی استاد زمن مولانا حسن رضا خاں حسن بریلوی کی نسل اور اُن کے وارثین میں سے ایک ہیں۔
حماد رضا خان نے طب کے میدان میں کامیابی کے ساتھ قدم رکھ کر، درحقیقت اپنے پردادا حضرت علامہ حکیم حسین رضا خان کی وراثت کو زندہ کرنے کا کام کیا ہے۔ اعلیٰ حضرت کے بھتیجے بھی اور تھے اور داماد حکیم حسین رضا خاں نے طب یونانی کے میدان میں اعلیٰ حضرت کے دور میں کامیابی سے سرانجام دیا اور اپنے خاندان کا نام روشن کیاتھا۔
اس سلسلے میں محمد زبیر رضا خان نے اعلیٰ حضرت کے اس تاریخی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ حضرت کے دور میں ہمارے پردادا اور اعلیٰ حضرت کے بھتیجے اور داماد حضرت علامہ حکیم حسین رضا خان نے بغیر کسی لالچ اور مفاد کے محض انسانیت کے لیئے یونانی کی خدمت میں حاضری ہوئی۔ بغیر کسی لالچ کے صرف انسانیت کی خاطر ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کی۔ لہذا ہمارے بھتیجے حماد رضا خان نے ایس روایت کو زندہ کرنے کا کام کیا ہے۔
حماد رضا خاں سے بھی یہی امید ہے کہ ہم اپنے اسلاف خصوصاً اپنے پردادا حکیم حسین رضا خان صاحب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے طب کے میدان میں انسانیت کی خدمت کا کام کریں۔
مزید پڑھیں:نیٹ امتحان دینے والے طلبہ کا مشقی ٹیسٹ
درگاہ اعلیٰ حضرت کے میڈیا انچارج جناب ناصر قریشی نے خاندان کے فرزند حماد رضا خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اعلیٰ حضرت کے چاہنے والوں میں خوشی اور مسرت کا ماحول ہے۔
درگاہ اعلیٰ حضرت کے سجادہ نشین حضرت مفتی احسن رضا خان احسن میاں، سرپرست حضرت سبحانی میاں، قاضی القضاۃ ہند حضرت عسجد میاں، درگاہ تحسینیہ کے سجادہ نشین مولانا حسان رضا خان، آل انڈیا اتحاد ملّت کونسل کے قومی صدر مولانا توقیر رضا خاں، خاندان اعلیٰ حضرت کے اہم بزرگ منّان رضا خاں، درگاہ اعلیٰ حضرت کے صحافتی انچارج مفتی سلیم نوری اور درگاہ کے مدرسہ منظر اسلام کے پرنسپل محمد عاقل رضوی نے حماد رضا خاں کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیئے دعائیں کیں۔ وہ اپنی طبی خدمات کے ذریعے مذاہب کی خدمت بھی کریں گے اور خاندان کا نام روشن کریں گے۔