آزادی کا امرت مہوتسو کے سلسلے میں جہاں ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے وہیں شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن تحصیل میں بھی آج میونسپل کمیٹی حاجن کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہے۔
اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جن میں یہی پیغام مضمر تھا کہ اپنے ماحول کو آلودگی سے صاف رکھنا کتنا ضروری ہے۔
پروگرام کے دوران مقررین نے بھی ماحولیاتی آلودگی کو دور کرنے اور ماحول کو صاف رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس تقریب کا مقصد لوگوں میں بیداری اور صاف صفائی کے حوالے سے ایک شعور پیدا کرنا تھا۔
پروگرام میں محکمہ آنگن واڑی و آشا ورکرز سمیت اسکولی طلبا نے بھی شرکت کی اور اس کے علاوہ حاجن علاقے سے تعلق رکھنے والے معزز شہری بھی موجود تھے۔
اس موقع پر حاجن میونسپل کمیٹی کے صدر ڈاکٹر ارشاد احمد نے موقع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا اور کہا کہ آزادی کا امرت مہوتسو ہر شعبہ اپنے اپنے طریقے سے منا رہا ہے۔ تاہم میونسپل کمیٹی نے اس کو منانے کے لیے ایک منفرد پہل شروع کی ہے۔
جس کے دوران وہ لوگوں کو صحت و صفائی کے حوالے سے بیدار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پونچھ: آزادی کے امرت مہا اتسو کے موقع پر صاف صفائی مہم
میڈیا سے بات کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی حاجن کے صدر ارشاد احمد نے کہا کہ اس مہم کا مقصد صاف صفائی کا ایک ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ مہم جاری رکھیں گے تاہم لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف رکھیں-