ہونہار اور باصلاحیت طلباء کے خوابوں میں رنگ بھرنے کے لیے یوم خواتین کے پیش نظر بلڈانہ کے ایس پی نے سحرش کنول نامی طالبہ کو ایک دن کے لیے ایس پی کا اعزازی عہدہ دیا۔
ایک دن کی ایس پی کے لیے وہ تمام تر پروٹوکال مکمل کیے گئے جو کہ پولیس محکمہ کی روایت کا حصہ ہیں۔
بلڈانہ کے ضلع پریشد اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سحرش کنول جنھیں یوم خواتین کی مناسبت سے ایک دن کے لیے بلڈانہ ایس پی کا چارج دیا گیا تھا، نے نہ صرف چارج سنبھالا بلکہ عوام کی شکایتیں بھی سنیں اور ان کا حل بھی پیش کیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اعزازی پولیس سپریٹنڈنٹ سحرش کنول کا تعلق بلڈانہ کے دیہی علاقے سے ہے ان کے والد شیخ آصف پیشے سے مکینیک ہیں جبکہ والدہ شرین بیگم خاتون خانہ ہیں۔
بلڈانہ کے ایس پی ڈاکٹر دلیپ بھجبل کا کہنا ہے کہ ’اس تجربے کا مقصد خواتین اور طالبات میں خود اعتمادی پیدا کرنا، انہیں با اختیار بنانا اور طالبات میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ پروان چڑھانا ہے۔‘
واضح رہے کہ عالمی یوم خواتین کے تحت بلڈانہ میں پورا ہفتہ خواتین کے نام رہا اس دوران طالبات کو بڑے بڑے عہدوں پر فائز کیا گیا، یہ تجربہ جتنا دلچسپ اور پُرکشش رہا اتنا ہی خواتین کو بااحتیار بنانے میں ایک اہم کڑی ثابت ہوسکتا ہے۔