عالم یوم اردو کے موقع پر اورنگ آباد کی سلم بستی کے ایک اسکول میں پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ عالمی یوم اردو کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام میں بچوں نے بڑے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔
یہ اورنگ آباد شہر کے کراڑ پورہ میں واقع میونسپل کارپوریشن کا اسکول ہے۔ اس اسکول میں آج شاعر مشرق علامہ اقبال کو یاد کیا گیا۔ بستی کے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ان معصوم نونہالوں کو علامہ اقبال کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ رہی کہ پروگرام میں شریک بچوں نے بھی بڑے جوش وخروش کے ساتھ اقبال کی قصیدہ خوانی کی۔ پروگرام کے ذمہ داروں نے اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
جھگی جھونپڑیوں اور سلم بستی کے ان معصوم بچوں کو تعلیم سے روشناس کروانے اور انھیں مطالعے کی طرف راغب کرنے کے لیے بچوں کو انھیں کے انداز میں سمجھایا گیا۔ تعلیمی میدان میں سرگرم سماجی جہدکاروں کا کہنا ہے کہ بچوں کو اگر تعلیم سے جوڑنا ہے، تو انھیں کھیل کود کے مواقع اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کا آج 144واں یوم پیدائش
بچوں میں مطالعے کا ذوق پروان چڑھانے کے لیے اس پروگرام میں ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے مقابلہ جاتی پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح این سی پی یو ایل کا ماہنامہ رسالہ بچوں کی دنیا کی درجنوں کاپیاں مفت میں تقسیم کیں گئیں، اس ترغیب کے ساتھ کہ بچے ان کتابوں کا مطالعہ کریں اور انعامات کے حقدار بنیں۔