آنگن واڑی ہیلپرس ورکرس ایسوسی ایشن سے وابستہ خواتین نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’مکمل اور ایمانداری کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے کے باوجود انہیں 3برس سے تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے۔‘‘
احتجاجی خواتین نے تنخواہوں کی واگزاری کی مانگ کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔
آنگن واڑی ورکروں کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے مشکل ایام میں بھی انہوں نے اپنے فرائض منصبی بخوبی انجام دیے لیکن اسکے باوجود بھی انکی تنخواہیں واگزار نہیں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے احتجاجی خواتین نے گورنر انتظامیہ پر ’’جائز مطالبات کو نظر انداز‘‘ اور انکے ساتھ ’’نا انصافی‘‘ برتنے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا: ’’ہم اس وقت سنگین مالی بدحالی سے جوجھ رہے ہیں، اگر تنخواہیں واگزار نہیں کی گئیں تو کورونا وائرس کے چلتے وضع کیے گئے رہنمایانہ خطوط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہم احتجاج میں شدت لانے کے لیے مجبور ہو جائیں گے۔‘‘