محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس میں اننت ناگ کے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر غلام حسن شیخ نے متعلقہ افسران کو ماہ محرم کے دوران بجلی، پانی و دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی، تاکہ عقیدت مندوں کو کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اے ڈی سی نے خاص کر محکمہ صحت کو محرم الحرام کے دوران امام باڑوں، درگاہوں اور عاشورہ خانوں کے آس پاس صاف و صفائی کے بہتر انتظامات کرنے اور طبی سہولیات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ایمبولینس سروس بھی مہیا رکھنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:اننت ناگ: فوج کی جانب سے ضلع میں شجر کاری مہم
انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے اور معیاری اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے مارکیٹ چیکنگ کے عمل میں سرعت لائیں۔ اجلاس میں شریک مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں سے اے ڈی سی نے اپیل کی کہ وہ مذہبی مقامات پر کورونا ایس او پیز کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ٹرانسپورٹ، جل شکتی، بجلی و دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران سمیت مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔