جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈی سی دفتر میں ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کووڈ مریضوں کے بہتر علاج و معالجے کے لئے اور طبی ڈھانچہ کو مزید بڑھاوا دینے کے لئے ضلع کے نجی ہسپتالوں اور نرسنگ ہوم مالکان کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ نجی ہسپتال ہنگامی صورتحال کے دوران کووڈ مثبت مریضوں کے علاج و معالجہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے نجی ہسپتالوں اور نرسنگ ہوم مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے ہسپتالوں میں آکسیجن اور دیگر بنیادی سہولیات والے 10 بیڈس (بستروں) کو مخصوص رکھیں جو ایمرجنسی کی حالت میں استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر سنگلا نے صحت حکام کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ سہولیات کے حوالے سے نجی ہسپتالوں کی ایک فہرست تیار کریں تاکہ مریضوں کو دستیاب ضروری سہولیات کے مطابق داخلہ دیا جاسکے۔
ہسپتال مالکان نے مہلک وبائی مرض سے لڑنے کے لئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔ نجی ہسپتال مالکان کے علاوہ سی ایم او، ڈپٹی سی ایم او اور شعبہ صحت سے جڑے دیگر متعلقہ عہدیداروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔