آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم کے اونگول کے قریب لاری میں اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ لاری دھان کے لوڈ کے ساتھ جارہی تھی۔
اونگول کے سوریہ ریڈی پالیم علاقہ کے قریب ڈیزل بھروانے کیلئے بھارت پٹرول پمپ پر یہ لاری روکی گئی تاہم اچانک دھماکہ کے ساتھ اس کا ٹائر پھٹ پڑا اور آگ لگ گئی۔
فوری طورپر آگ پٹرول پمپ پر پھیل گئی۔ مقامی افراد اور پٹرول پمپ کے ملازمین نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم اس پرقابو نہیں پاسکے۔
اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کے اہلکار وہاں پہنچے اور آگ پر قابو پایا۔ اس واقعہ میں لاری کے ساتھ ساتھ پٹرول پمپ اور ریڈنگ مشین بھی جل کر خاکستر ہوگئے۔
آگ متصل ٹینکرس تک نہیں پھیل سکی جس کے سبب لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ لاری مریال گوڑہ سے چینئی جارہی تھی۔ حکام نے تقریبا دس لاکھ روپئے کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی، جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔