بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے مشرقی گوداوری میں ایک ایسے قابل شخص رہتے ہیں جنہوں نے صرف ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔ پھر بھی ایم ٹیک کے طالب علموں کو پڑھاتے ہیں۔ وہ لوگ جو اس قابلیت پر تعجب کرتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہوا انہیں پَدماکر سے ملنا چاہئے۔ یہ اپنے اڑان بھرنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ایک ہیلی کاپٹر بنانے کے بالکل قریب ہیں۔ صرف اتنا ہی نہیں اِن پرانے ہاتھوں نے کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور ماحولیات کے مطابق متبادل ایندھن والی گاڑی ایجاد کی ہے۔
پَدماکر کا تعلق مشرقی گوداوری ضلع کے کاکینڈا سے ہے۔ وہ پیدائشی طور پر جلد کے ایک مرض سے متاثر ہیں۔ ساتھی طلبہ کے ذریعہ ان کا مذاق اڑانے کے باعث انہوں نے اسکول چھوڑ دیا اور آٹو میکینک بن گئے۔ بائیک ہو یا ہیلی کاپٹر پدماکر اسے ٹھیک کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کچھ وقت کے لئے میکینک کے طور پر اس کی شروعات کی لیکن دھیرے دھیرے صارفین کے گھر تک اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کر دیا۔
پدماکر نے کہا کہ ''میں نے 17 سال تک تروپتی میں ایک گیراج میں کام کیا ہے۔ اس کے بعد میں کاکینڈا واپس آگیا۔ مجھے یہاں وشاکھاپٹنم میں آئے ہوئے 25 سال ہوگئے ہیں۔ 13 سال پہلے میں نے تقریباً 18 سال تک 1200 جہازوں پر کام کیا ہے۔ میں نے اپنی پہلی تحقیق میں بیٹری بائک ڈیزائن کی تھی۔''
فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے پدماکر نے بیٹری سے چلنے والی کار ڈیزائن کی تھی۔ اس وقت سے انہوں نے بیٹریوں اور شمسی توانائی سے چلنے والی 600 کاریں ڈیزائن کیں ہیں۔ یہ گاڑیاں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے سیکڑوں انجینئرنگ کالجوں میں نصاب کے حصے کے طور پر استعمال کی جارہی ہیں۔
پدماکر نے بتایا کہ ''ہم 20 فٹ اونچی اڑان بھرنے کے لئے پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ مجھے حکومت سے اجازت ملنے کے بعد جلد ہی اڑان بھرنے کی امید ہے۔ میری خواہش وشاکھاپٹنم کو قابل فخر بنانے اور انجینئرنگ کے طلبا کو تکنیکی مہارت کی تعلیم دینے کی ہے۔''
کئی بار پدماکر نے بھارتیہ بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کی مرمت بھی کی ہے۔ ان کا مقصد ہیلی کاپٹر بنانا اور وشاکھاپٹنم کے آسمان میں اڑنا ہے۔ یہاں تک کہ انہوں نے نئے ریسرچ کو فروغ دینے کے لئے پدماکر انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ نامی ادارہ بھی قائم کیا ہے۔
پدماکر کے معاون چندر موہن کا کہنا ہے کہ ''ہم نے یہاں کے تقریباً تمام انجینئرنگ کالجوں کے لئے مکینیکل پروجیکٹ کئے ہیں۔ میں پدمکار کے کاموں کو قریب سے دیکھتا ہوں اور ان سے سیکھ رہا ہوں۔ ان کے لئے پیسے سے زیادہ علم اور کام قیمتی ہے۔''
پدماکر کے کنبے کے افراد ان کی صلاحیتوں اور کارناموں پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔