اجمیر: پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی سیکرٹری انیس احمد ان دنوں ریاست راجستھان کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال پر خصوصی بات چیت کی۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ' مودی حکومت سرکاری ایجنسیوں کا استعمال مخالفیں کی آواز کو دبانے کے لیے کرتی ہے، اس سے قبل تمام سرکاری ایجنسیوں اور ادارے کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، تاہم مودی حکومت نے ان کی شبیہ کو بھی خراب کردیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ' بد قسمتی سے آج ملک میں اپوزیشن نہیں ہے، حالانکہ اپوزیشن کے نام پر پارٹیاں ہیں جو اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہے۔ اپوزیشن کی ایسی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے بی جے پی اپنی من مانی کررہی ہے اور اپنے ارادوں میں کامیاب ہے'۔
انہوں نے تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ' وہ اپنے فرائض کو انجام دیں۔'
انیس احمد نے مزید کہاکہ' بی جے پی حکومت آر ایس ایس کے اشاروں پر سماجی تنظیموں کو پریشان کررہی ہے تاکہ کوئی ان کی مخالفت نہ کی جائے'۔
پی ایف آئی کے خلاف کارروائی پر انہوں نے کہا کہ' مودی حکومت نے اقلیتوں کے خلاف این آئی اے کو لگا رکھا ہے، جبکہ اپوزیشن کے بڑے رہنماؤں کے خلاف ای ڈی اور دیگر کو استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ' یہ آخری نہیں ہے اگر اب بھی متحد نہ ہوئے تو آئندہ بھی مودی حکومت سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے مخالفین کی آواز کو دبا دے گی'۔
انہوں نے کانگریس پارٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان میں اشوک گہلوت کی حکومت جو مسلم طبقہ کو نظر انداز کر سافٹ ہندوتو کی راہ پر کا انتخاب کیا ہے اس سے کام نہیں چلے گا، اور اسی وجہ سے مسلم لیڈران سیاست کا شکار بن رہے۔'