ریاست راجستھان میں واقع اجمیر شریف درگاہ کے دیوان سید زین العابدین علی خان نے ایک ہزار غریب خاندانوں میں بطور مدد کے رقم تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غریب خاندانوں کی مدد کے لیے ڈائریکٹ ان کے بینک اکاؤنٹ میں رقم بھیجی جائیگی تاکہ کسی بھی ضرورت مند کو مدد لینے میں شرمندگی کا احساس نہ ہو۔
اس کے علاوہ لاک ڈاؤن کے درمیان اجمیر شریف درگاہ کے دیوان کے بیٹے سید مہرالدین علی نے ضرورت مندوں میں 20 ٹن چاول بھی تقسیم کیے ہیں اور اسی طرح دیوان صاحب نے ضرورت مندوں تک زکواۃ کی رقم بھی تقسیم کیے جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عید کے موقع پر غریب اور ضرورت مند لوگ بھی خوشی منا سکیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے اثرات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تقریبا دو ماہ سے لاک ڈاوٗن نافذ ہے جس کی وجہ سے غریب اور ضرورت مندوں میں معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔
معاشی بحران پیدا ہونے کی وجہ سے غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے سماجی تنظیموں کے علاوہ درگاہ کے مالکان بھی تعاون کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں جس کی وجہ سے ان غریبوں کے گھر میں دو وقت کی روٹی بھی میسر ہوجاتی ہے۔