راجستھان کا تاریخی شہر اجمیر یہ وہ سرزمین ہے جہاں بڑے پیر صاحب کا چلّہ مبارک ہے۔ جو حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے مشہور ہیں۔ تقریباً 3 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع اس چلہ شریف پر ملک بھر سے زائرین پہنچتے ہیں۔ روحانیت کا یہ مرکز عقیدت مندوں کو انتہائی سکون دیتا ہے۔ چلہ شریف تک پہنچنے کے لیے سنگلاخ راستوں سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ کی حامل درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ کا ایک خوبصورت منظر بلند پہاڑیوں پر واقع مزار کی کھڑکی سے بھی نظر آتا ہے۔
اس چلہ شریف کو غوث پاک کا چلہ کہا جاتا ہے۔ بیشتر عقیدت مند یہاں ہر اسلامی ماہ کی 11 تاریخ کو نیاز و فاتحہ خوانی کرکے لنگر بھی تقسیم کرتے ہیں۔
چلہ شریف کی حدود میں ایک خوبصورت مسجد ہے اور دوسری طرف ایک بڑا دالان بھی ہے، جہاں عقیدت مند پرندوں کو دانہ ڈالتے ہیں۔
ناگور شریف درگاہ کے سجادہ نشین سید صداقت علی جیلانی کا کہنا ہے کہ یہ چلّہ شریف غوث پاک حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے بڑے فرزند قطب ہند شیخ سید سیف الدین جیلانی کا ہے۔ انہوں نے اس پہاڑ پر تقریباً 9 سو سال پہلے گوشہ نشین ہوکر اللہ عزوجل کی عبادت کی اور دعائیں مانگی تھیں۔ اسی لیے اس جگہ کو بڑے پیر صاحب کا چلہ کہا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں:درگاہ اجمیر شریف کا جنتی دروازہ عقیدت مندوں کے لئے کھولا گیا
اجمیر شریف درگاہ پر جانے کے بعد عقیدت مند تارا گڑھ کی پہاڑیوں میں واقع مذہبی مقامات کی بھی زیارت کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس چلہ شریف میں انہیں بہت زیادہ سکون ملتا ہے اور وہ اللہ کی عبادت کرتے ہیں۔