دراصل تمام زبان و ادب کو فروغ دینے کے لیے 'گجرات ساہتیہ اکادمی' گاندھی نگر کو 1981 میں قائم کیا گیا تھا، جس میں گجرات میں بولی جانے والی اہم زبانیں، گجراتی کے علاوہ ہندی سنسکرت، سندھی، کچھی اور اردو زبانوں کے فروغ کے لیے کام کیا جا رہا ہے لیکن گجرات میں کئی سالوں سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ اردو بھون قائم کیا جائے۔
ایسے میں گجرات ساہتیہ اکادمی کے صدر وشنو پنڈیا اور ساہتیہ اکادمی کمیٹی کے ڈائریکٹرز کی کوششوں سے گجرات حکومت نے اردو بھون بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
اس تعلق سے گجرات اردو ساہتیہ اکادمی گاندھی نگر کے ڈائریکٹر زین العابدین انصاری نے کہا کہ جب ہمارا بورڈ بنا اسی وقت گجرات ساہتیہ اکادمی کے ڈائریکٹر وشنو پنڈیا نے اردو بھون بنانے کی تجویز رکھی تھی اور اب ان کی اور ہماری پوری ٹیم کی محنت سے گجرات حکومت نے اردو بھون بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ حتی کہ حکومت نے گاندھی نگر سیکٹر 10 میں اردو بھون تعمیر کرنے کی زمین بھی فراہم کی ہے۔ اس بھون میں کون کون سی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی اس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور بہت جلد گجرات کے وزیراعلی اور وشنو پنڈیا کے ہاتھوں اردو بھون کی سنگ بنیادی رکھی جاے گی۔